مسلم لیگ نواز کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ مریم نواز ایک مختلف وزیراعلیٰ ہوں گی، ان کی تضحیک کی گئی تو جواب دیں گے۔
پنجاب اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ ترجمان عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ مریم نواز وزیر اعلیٰ پنجاب بننے کے بعد ایک انقلابی پروگرام عوام کے سامنے پیش کریں گی، انکے حلف اٹھانے کے 5 منٹ کے بعد چیزوں پر عمل درآمد ہوتا نظر آئے گا۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ پنجاب کے لوگوں کی مشکلات ختم کرنے کی پوری کوشش کریں گے، ہم نے تو ہمیشہ اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلنے کی بات کی ہے، ہم نے کبھی رولز کو پارنہیں کیا۔
ن لیگی ترجمان کا کہنا تھا کہ ہم پر جو تنقید کرے گا تو اپنی اصلاح کریں گے لیکن اگر وزیراعلیٰ کی تضحیک کی جائے گی تو جواب دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے 9 مئی کا واقعہ کیا وہ سیاسی قیدی نہیں ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بہت ساری قانون سازی رکی ہوئی ہے، مریم نواز ایک مختلف وزیراعلیٰ ہوں گی۔