مسلم لیگ ( ق ) کے جنرل سیکرٹری چوہدری شافع حسین نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی ) کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی۔
گجرات میں میڈیا سے گفتگو ہوئے چوہدری شافع حسین کا کہنا تھا کہ الیکشن میں مسلم لیگ( ق) سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سےمسلم لیگ (ن) نے کمیٹی بنا دی ہے جس میں رانا ثناء اللہ، ایاز صادق اور سعد رفیق شامل ہیں جبکہ ہماری طرف سے بھی اس حوالے سے کمیٹی بن گئی ہے جس میں چوہدری سالک حسین ،طارق بشیر چیمہ اور چوہدری سرور شامل ہیں۔
چوہدری شافع حسین کا کہنا تھا کہ شریک چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی آصف علی زرداری چوہدری شجاعت حسین کی عیادت کے لئے آئے تھے اس موقع پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ اس دفعہ سندھ سے بھی ق لیگ کی کچھ سیٹیں نکلیں گی، پنجاب میں ق لیگ 15 سے20امیدوار الیکشن میں کھڑے کریں گے، ان کی طرف سے تو یہ بھی بیان آ رہے ہیں کہ شائد سیٹ ایڈجسٹمنٹ کر لیں، اگر سیٹ ایڈجسٹمنٹ نہیں بھی کرتے تو ہم اوپن الیکشن کے لیے تیار ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم تو اسی طرح ہی تیاری کرتے رہیں گے ہم ہر حال میں یہاں سے الیکشن لڑیں گے۔