نومنتخب سپیکر سندھ اسمبلی اویس قادر شاہ نے کہا ہے کہ ایوان میں تمام ممبران کو ساتھ لے کر چلوں گا۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوار اویس قادر شاہ سندھ اسمبلی کے نئے سپیکر منتخب ہوگئے ہیں اور انہوں نے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد اپنی ذمہ داریاں بھی سنبھال لی ہیں۔
اویس قادر شاہ نے حلف اٹھانے کے بعد اپنے خطاب میں کہا کہ سکھر سے پہلی بار سندھ اسمبلی کا سپیکر بنا ہے، یہ میرے خاندان کیلئے بہت بڑا اعزاز ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ اسمبلی نے قرارداد پاکستان پاس کی، پاکستان کے پہلے گورنر جنرل قائد اعظم محمدعلی جناح بیٹھے، قیام پاکستان کے بعد قومی اسمبلی کا پہلا اجلاس بھی اسی اسمبلی میں ہوا، لیاقت علی خان نے بھی قومی پرچم اسی اسمبلی میں لہرایا۔
انہوں نے کہا کہ میرے لئے اس اسمبلی کا سپیکر بننا بہت بڑا اعزاز ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ غیر جانبدار رہ کر عہدے پر کام کروں گا، تمام ممبران کو ساتھ لے کر چلوں گا، ماضی میں جو کچھ ہوا اسےبھول کر نئی شروعات کریں۔