سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کی جانب سے سندھ اسمبلی کے نئے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخابی شیڈول کا اعلان کر دیا گیا۔
سندھ اسمبلی کا اجلاس نو منتخب اراکین کی حلف برداری کے بعد اتوار ( کل ) صبح 11 بجے تک ملتوی کر دیا گیا ہے اور اجلاس ملتوی کرنے سے قبل سپیکر آغا سراج درانی نے نئے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخابی شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔
آغا سراج درانی کا کہنا تھا کہ سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب کل ہوگا اور امیدوار کل اجلاس شروع ہونے سے قبل اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے سکتے ہیں۔
شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی آج 2 سے 3 بجے تک حاصل کیے جا سکتے ہیں اور شام 5 بجے تک جمع کرائے جا سکتے ہیں۔
شام 6 بجے تک اسکروٹنی کاعمل ہوگا اور 7 بجے منظور کاغذات نامزدگی کی فہرست جاری ہوگی۔
لازمی پڑھیں۔ سندھ اسمبلی کے نومنتخب اراکین نے حلف اٹھا لیا، اپوزیشن کا احتجاج
یاد رہے کہ عام انتخابات 2024 کے بعد سندھ اسمبلی کے پہلے اجلاس میں نومنتخب اراکین اسمبلی نے حلف اٹھا لیا ہے جبکہ سپیکر اسمبلی آغا سراج درانی نے اراکین اسمبلی سے حلف لیا۔
اراکین اسمبلی کی جانب سے سندھی ، اردو اور انگریزی تینوں زبانوں میں حلف اٹھایا گیا۔
147 اراکین اسمبلی نے حلف اٹھایا جبکہ پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) جماعت اسلامی اور جی ڈی اے کے اراکین حلف لینے نہیں آئے۔