راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی قرعہ اندازی کے نام پر مخصوص سلیکشن کے خلاف صحافی برادری کی جانب سے سخت احتجاج ریکارڈ کروایا جارہا ہے اور اب پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ نے بھی اس مروجہ طریقہ کار کے خلاف ہونے والی تقسیم کی مذمت کی ہے ۔
تفصیلات کےمطابق پی ایف یوجے نے سرکاری صحافتی اداروں میں خدمات انجام دینے والے صحافیوں کے ساتھ ہونے والی اس ناانصافی کے خلاف آوازبلند کرتے ہوئے ان کے حق کی جنگ لڑنے کا اعلان کر دیاہے ۔ روڈ ا کی جانب سے گزشتہ روز کی گئی قرعہ اندازی پر صحافی برادری سخت تشویش ظاہر کر رہی ہے اور انصاف فراہم کرنے والے اداروں سے قومی اثاثے کی بے قدری پر نوٹس لینے کی اپیل کی جارہی ہے ۔
گزشتہ روز روڈا نے خوش نصیب صحافیوں کی فہرست شائع کی جس میں صحافیوں کی تعداد کم اور راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے اپنے قریبی افراد کی تعداد زیادہ ہے ، جو کسی صورت بھی قبول نہیں کیا جائے گا ، صحافیوں کا لبادہ اوڑھ کر پلاٹ لینے کی کوشش کرنے والی کالی بھیڑوں کو بے نقاب کرتے ہوئے اس کے خلاف بھر پور موقف اپناتے ہوئے عدالتوں کے دروازے کھٹکٹائے جائیں گے ۔