عام انتخابات 2024 کے بعد پنجاب اسمبلی کا اجلاس کل طلب کر لیا گیا ہے جس میں نومنتخب ارکان حلف اٹھائیں گے۔
پنجاب اسمبلی کا اجلاس جمعہ کے روز طلب کرلیا گیا ہے جس میں عام انتخابات 2024 میں ممبر صوبائی اسمبلی منتخب ہونے والے اراکین حلف اٹھائیں گے۔
پنجاب اسمبلی کا ایوان 371 ارکان پرمشتمل ہے اور پارٹی پوزیشن کے حوالے سے مسلم لیگ ( ن ) عام انتخابات میں 137 نشستیں حاصل کر کے اسمبلی میں سب سے بڑی جماعت ہے ، بعدازاں 19 آزاد اراکین نے بھی پارٹی میں شمولیت اختیار کی ہے۔
لازمی پڑھیں ۔الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی کی نشستوں کے نتائج جاری کر دیئے
مسلم لیگ ن کو خواتین کی 34 اور اقلیتوں کی 4 نشستیں بھی ملیں گی۔
عام انتخابات میں پاکستان پییپلز پارٹی نے 10 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔
پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدواروں کی تعداد 110 ہے اور ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کےحمایت یافتہ 105 امیدواروں نے سنی اتحاد کونسل کے پلیٹ فارم سے بیان حلفی جمع کرا دیا ہے۔
شمالی پنجاب سے پی ٹی آئی حمایت یافتہ امیدواروں کی تعداد 20 ہے، سنٹرل پنجاب سے 27، مغربی پنجاب سے 30 اور جنوبی پنجاب سے 33 امیدوار کامیاب ہوئے۔
سنی اتحاد کونسل سے متعلق الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد مخصوص نشستوں کی حتمی تعداد کا تعین ہوگا۔
دوسری جانب مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بھی کل صبح نو بجے پنجاب اسمبلی میں طلب کر لیا گیا ہے اور نامزد وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پارٹی کے تمام اراکین کو اجلاس میں شرکت کی ہدایات بھی جاری کر دی ہیں۔