اسلام آباد ہائیکورٹ نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔
منگل کے روز اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس بابر ستار نے ڈی سی اسلام آباد اور ایس ایس پی آپریشنز کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کی جس کے دوران عدالت عالیہ نے حکم دیا کہ جہاں بھی ڈی سی اسلام آباد ملے گرفتار کرکے پیش کریں۔
سماعت کے دوران ایس ایس پی آپریشنز ملک جمیل ظفر، ایس پی فاروق بٹر اور پراسیکوٹر قیصر امام عدالت کے سامنے پیش ہوئے تاہم ڈی سی عرفان میمن پیش نہ ہوسکے۔
وکیل راجہ رضوان عباسی نے بتایا کہ ڈی سی اسلام آباد نے عمرہ پر جانا ہے، ان کی والدہ نے کہا تھا کہ اس لیے وہ ابھی خیر پور میں ہیں۔
جسٹس بابر ستار نے ریمارکس دیئے کہ کل عدالت نے عرفان نواز میمن کی درخواست منظور نہیں کی تھی۔
عدالت نے ڈی سی اسلام آباد کی آج بھی حاضری سے استثنی کی درخواست مسترد کردی اور چاروں صوبوں کے آئی جیز اور آئی جی اسلام آباد کو حکم جاری کیا کہ عرفان نواز میمن کو گرفتار کرکے پیش کیا جائے۔