فیروزوالہ کے قریب 2 ٹرینوں میں خوفناک تصادم کے نتیجے میں 20 مسافر زخمی ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق فیروزوالہ کے علاقے قلعہ ستار شاہ کے قریب میانوالی ایکسپریس ٹرین مال گاڑی سےٹکراگئی، جس کے نتیجے میں 20 مسافر زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق حادثہ لائن تبدیل نہ ہونےکےباعث پیش آیا، افسوسناک حادثے میں زخمی ہونے والے تمام زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔
دوسری جانب غفلت برتنے پر ریلوے کے 4 اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا۔انکوائری کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی جو 24 گھنٹوں میں رپورٹ پیش کرے گی۔
ترجمان ریلوے کے مطابق ذمہ داروں کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی، لاہورڈویژن میں ٹرین آپریشن جاری ہے،ٹریک صبح ساڑھےسات بجے کلیئرکردیا گیا تھا۔
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ بھی نواب شاہ کے قریب ہزارہ ایکسپریس کی کم از کم 10 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں جس کے نتیجے میں 30 مسافر جاں بحق جب کہ 40 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔
نواب شاہ حادثے کے یہ حادثے سے ایک روز قبل بھی علامہ اقبال ایکسپریس اس وقت بڑی تباہی سے بچ گئی تھی جب پڈعیدن ریلوے اسٹیشن کے قریب اس کی 2 بوگیاں پٹری سے اتر گئی تھیں، جس کے نتیجے میں متاثرہ ریلوے ٹریک پر ٹریفک معطل ہوگیا تھا۔
واضح رہے کہ ریلوے حادثات خستہ حال ریلوے ٹریک، ریلوے کے پرانے ڈھانچے، سگنلز میں خرابی، غلط کراسنگ، ریلوے لائنز پر پھاٹک کی عدم موجودگی، ڈرائیورز کی غلطی، اور اسی طرح کی دیگر تکنیکی وجوہات کے باعث پیش آتے ہیں۔