پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے رہنما اور وزیر اعظم کے عہدے کے لئے نامزد امیدوار عمر ایوب خان نے ایک بار پھر سے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف مرکز اور صوبوں میں حکومت بنائے گی۔
اسلام آباد میں قائم مقام چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمر ایوب کا کہنا تھا کہ طویل مدت کے بعد آپکے سامنے پریس کانفرنس کرنے کا موقع ملا، ہم کن حالات سے گزر کر یہاں پہنچے ہیں، اس پر زیادہ بات نہیں کروں گا، کس طرح مقدمات بنائے گئے آپ جانتے ہیں، ابھی بھی پولیس ہمارے لوگوں کو غائب کررہی ہے، یہ کام کسی نگران حکومت کا نہیں تھا نگران حکومت نے اپنا مینڈیٹ سے تجاوز کیا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام اور قیادت کا شکریہ ادا کرتا ہوں، عوام نے باہر نکل آٹھ فروری کو ہمیں ووٹ دیا ، فرشتوں نے لوگوں کے دلوں میں بانی چیئرمین کے لیے جستجو پیدا کی ، کراچی میں ایم کیوایم نے ہماری اٹھارہ سیٹیں چرائی ہیں، ہمیں وہ سیٹیں واپس کی جائیں۔
عمر ایوب کا کہنا تھا کہ جعلی فارم 47 کو رد کیا جائے، یہ چند گھنٹوں کا کام ہے اسکو فل فور درست کیا جائے، یہ دھاندلی نہیں مدر آف آل ریگنگ ہے ، لیاقت چھٹہ نے بلکل درست کہا ہم نے عوام کی پیٹھ میں چھرا گھونپا ہے، تحریک انصاف نے اس الیکشن میں 180نسشتیں جیتی ہیں ، وہ پارٹیاں جو دھاندلی فائدہ اٹھارہی ہیں وہ اندر سے ایک دوسرے سے گتھم گھتا ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب اتنے اہم عہدے والا شخص اٹھ کر ایسے انکشافات کرے تو اسکو سنجیدگی سے دیکھنا ہو گا، مختلف لوگ کہتے تھے تحریک انصاف کے پولنگ ایجنٹ اور امیدوار ہی نہیں ہوں گے، ہمارے امیدوار بھی سب سے زیادہ تھے ، پولنگ ایجنٹ بھی موجود تھے، 12 ماہ پی ٹی آئی کارکنان کے ساتھ پولیس گردی کی گئی ، پی ٹی آئی کارکنان کو دیوار سے لگایا گیا ، مقدمات بنائے گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی اور پارٹی کا شکر گزار ہوں مجھ ناچیز کو لائق سمجھا، میں قومی اسمبلی میں وزارت عظمیٰ کا الیکشن لڑوں گا، یہ کرسی بانی پی ٹی آئی کی امانت ہے، تحریک انصاف کی 180 سیٹیں ہیں، ہمارا مطالبہ ہے تمام امیدواروں کے نوٹیفکیشن جاری کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے انکشاف کیا تحریک عدم اعتماد انجینئرڈ پراسیس تھا، مختلف لوگ ابھی سامنے آرہے ہیں، اللہ الحق ہے، اللہ تعالیٰ ہمارے مخالفین کی زبان سے یہ چیزیں بلوا رہے ہیں، تحریک عدم اعتماد سے پاکستان کی معیشت کو دھچکا لگا۔