الیکشن کمیشن نے راولپنڈی کے حلقہ این اے 56 اور 57 سے آزاد امیدواروں شہریار ریاض اور سیمابیہ طاہر کی جانب سے انتخابی نتائج کے خلاف درخواستیں قابل سماعت قرار دے کر ریٹرننگ آفیسرز ( آر اوز ) کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔
جمعرات کے روز الیکشن کمیشن نے این اے 57 سے آزاد امیدوار سیمابیہ طاہر کی عذرداری درخواست پر سماعت کی۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ این اے 57 کے ریٹرننگ افسر نے رپورٹ بھجوا دی ہے جبکہ سیمابیہ طاہر کے وکیل نے کہا کہ تین سو چھتیس میں سے 317 پولنگ سٹیشنز پر سیمابیہ طاہر کامیاب ہوئیں اور ہمارے پاس 33 پولنگ اسٹیشنز کے اوریجنل فارم 45 موجود ہیں۔
بعدازاں، الیکشن کمیشن نے سیمابیہ طاہر کی درخواست قابل سماعت قرار دیتے ہوئے آر او کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔
لازمی پڑھیں۔ پنجاب اسمبلی کیلئے کون منتخب ہوا اور کون ہارا ؟ مکمل تفصیل جانیے
علاوہ ازیں این اے 56 سے آزاد امیدوار شہریار ریاض کی عذرداری درخواست پر بھی سماعت ہوئی، الیکشن کمیشن نے شہریار ریاض کی درخواست بھی قابل سماعت قرار دے دی اور ریٹرننگ افسر کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا گیا۔
این اے 56 سے ن لیگ کے کامیاب امیدوار حنیف عباسی کو بھی نوٹس جاری کردیا گیا۔