پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات رؤف حسن کا کہنا ہے کہ ہم 3 حکومتیں بنانے کی پوزیشن میں ہیں۔ نتائج میں ردو بدل کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا بھی اعلان کردیا
پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری اطلاعات رؤف حسن نے کہا کہ جب سے پی ٹی آئی کی حکومت ختم ہوئی ہے ہمارے لیے سیاسی سپیس کم سے کم ہوتی رہی مگر اس کے باوجود ہمارے کارکنان نے ہر ظلم اور جبر کا ڈٹ کا مقابلہ کیا۔ ہمارے ووٹرز نے دلیری کے ساتھ نکلے اور ووٹ ڈالے۔
قومی اسمبلی کے 161 حلقوں کے غیرحتمی نتائج میں آزاد امیدواروں کی برتری
رؤف حسن نے کہا کہ کل رات تک پی ٹی آئی قومی اور صوبائی اسمبلی کی اکثریتی نشتوں پر لیڈ کررہی تھی۔ اچانک رات بارہ بجے کے بعد انتخابی نتائج آنا بند ہوگئے۔ اس کے بعد جیتنے والوں کو ہروانا شروع کردیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ پی کے میں ہمیں نمایاں اکثریت حاصل ہے اور پنجاب میں بھی ابھی تک ہم لیڈ پر ہیں۔ اس وقت ہم تین حکومتیں بنانے کی پوزیشن میں ہیں اور نتائج کے خلاف ٹریبونل کورٹ آف لا میں جانے کا آپشن بھی موجود ہے۔