متحدہ قومی موومنٹ ( ایم کیو ایم ) پاکستان کے رہنما فاروق ستار نے کہا ہے کہ نیٹ اور فون بند ہونا تشویش ناک ہے ،ووٹرز پریشان ہوں گے۔
کراچی میں الیکشن ڈے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم رہنما فاروق ستار کا کہنا تھا کہ یہ سوال دم توڑ گیا کہ الیکشن ہونگے یا نہیں، پولنگ ہورہی ہے، کراچی سمیت سندھ کے تمام شہروں میں یہ الیکشن نہیں ریفرنڈم ہے۔
فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم پاکستان ماضی میں چھینی گئی تمام سیٹیں واپس لے گی، ہم سے سیٹیں چھین کر جیتنے اور جتوانے والے دونوں ہی پریشان تھے۔
ایم کیو ایم رہنما کا مزید کہنا تھا کہ انتخابات شفاف اور منصفانہ بنانے کی ذمہ داری الیکشن کمیشن پر ہے، الیکشن کو متنازعہ بنایا جارہا ہے ، الیکشن کمیشن کو نوٹس لینا چاہئے۔