معروف مصنف اور عالمی شہرت یافتہ لیڈرشپ ایکسپرٹ عارف انیس کی نئی کتاب ’’ جیو جانی ‘‘ کی شاندار تقریب رونمائی فلیٹیز ہوٹل لاہور میں منعقد ہوئی۔
اس اہم موقع پر اخوت کے بانی ڈاکٹر امجد ثاقب، فرخ سہیل گوئندی، عامر خاکوانی، نواز کھرل، ڈاکٹر حسن خلیل، قیصر عباس، سلیم رانجھا نے تقریب سے خطاب کیا جبکہ تقریب کی صدارت مولانا ظفر علی خان ٹرسٹ کے چیئرمین اور سابق فیڈرل سیکرٹری خالد محمود نے کی۔
’’ جیو جانی ‘‘ عارف انیس کی ایک اور شاہکار تصنیف ہے، جس میں زندگی کے مختلف پہلوؤں پر گہرائی سے بحث کی گئی ہے۔
اس کتاب میں مصنف نے اپنے وسیع تجربات اور مشاہدات کو بانٹتے ہوئے قارئین کو زندگی گزارنے کے حوالے سے ایک نئے نقطہ نظر سے آشنا کرایا ہے۔
تقریب کے دوران، مختلف مہمانوں نے عارف انیس کی تصنیفات اور ان کے فکری سفر کو سراہا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’’ جیو جانی ‘‘ نہ صرف ایک کتاب ہے بلکہ ایک سفر ہے جو قاری کو زندگی کے اصل معنوں سے روشناس کراتا ہے۔
عارف انیس نے اپنے خطاب میں تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ’’ جیو جانی ‘‘ کا مقصد لوگوں کو مثبت سوچ اور خود اعتمادی سے زندگی کے چیلنجز کا سامنا کرنے کی ترغیب دینا ہے۔
یہ تقریب علم، ادب اور فکری بیداری کا ایک منفرد اجتماع ثابت ہوئی، جہاں مختلف شعبہ زندگی کے افراد نے شرکت کرکے "جیو جانی" کی رونمائی کو مزید یادگار بنایا۔