نگراں وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن ڈاکٹر عمر سیف نے کہا ہے کہ پاکستان کو خطے کے ممالک کیلئے ڈیجیٹل کوریڈور بنانے کا پہلا سنگ میل عبور کرلیا ہے۔
ڈاکٹر عمر سیف نے کہا کہ چین سے معاہدہ کررہے ہیں کہ پاکستان کے ذریعے اپنے انٹرنیٹ ٹریفک کو روٹ کرنا شروع کرے، پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے میں اس کوریڈور کا اضافہ صارفین کیلئے ڈیجیٹل تحفہ ہے۔
نگراں وزیر آئی ٹی نے کہا کہ منصوبے کا مقصد پاکستان کو ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی کا ایک علاقائی مرکز بنانا ہے، پاکستان کو انٹرنیٹ ٹرانزٹ ٹریفک کی مد میں 200 سے 400 ملین ڈالرز سالانہ آمدنی ہوگی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی سی ایل بزنس سلوشن کے کیریئر نیوٹرل انٹرنیٹ ایکس چینج کا آغاز ہوگیا ہے، یہ مرکز یوٹیوب، نیٹ فلکس ،ٹک ٹاک کو مقامی ہوسٹنگ کے مواقع پیدا کرے گا، پاکستان سے یہ مواد باآسانی اور بہت کم وقت میں دیگر عالمی مارکیٹوں تک پہنچ سکتا ہے۔
ڈاکٹر عمر سیف کے مطابق ٹرانزٹ ٹریفک کے اس عمل سے ملک خطے میں ڈیجیٹل رابطے کے مرکز کے طور پر اُبھرے گا، پاکستان انٹرنیٹ ایکسچینج، بہترین انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ انٹرنیٹ ایکس چینج قومی نیٹ ورکس کو عالمی معیار کی انٹرنیٹ کنیکٹیوٹی خدمات کے قابل بنائے گا۔
نگراں وزیر آئی ٹی کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی انٹرنیٹ وکلاؤڈ سروسز پاکستان میں کاروبار کی طرف اس عمل سے ایک متحرک مقامی ڈیجیٹل ایکو سسٹم کے فروغ میں مدد ملے گی اور اس طرح پاکستانی بین الاقوامی معلومات، مواد اور خدمات تک رسائی حاصل کرسکیں گے۔