لاہورہائیکورٹ نے عام انتخابات میں بانی پی ٹی آئی سمیت سیاسی امیداروں کو یکساں میڈیا کوریج دینے کی ہدایت کردی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں ٹی وی چینلز پر کوریج نہ ملنے کیخلاف بانی پی ٹی آئی عمران خان کی درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس شمس محمود مرزا نے بانی پی ٹی آئی کی درخواست پر دس صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا۔
عدالت نے بانی پی ٹی آئی سمیت سیاسی امیداروں کو یکساں میڈیا کوریج دینے کی ہدایت کردی۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ آئین کاآرٹیکل 17ہرشہری کوآزادی اظہاررائےسمیت دیگرحقوق فراہم کرنے کا پابند کرتا ہے، عام انتخابات کے لیے الیکشن کمپین اور اپنا منشور بتانے کی تشہیر بنیادی حق ہے۔
فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ صاف شفاف انتخابات کے لیے آزاد میڈیا کے ذریعے آزادی اظہار رائے ہونی چاہیے، آزادی اظہار کے بغیر انتخابات کوصاف اورشفاف نہیں بنایا جاسکتا، تحریری فیصلے میں نواز شریف اور بینظیر بھٹو کے فیصلوں کا حوالہ بھی دیا گیا۔