بھارتی فلم انڈسٹری کے مشہور اداکار اکھل مشرا کچن میں کام کرتے ہوئے گر کر انتقال کرگئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اکھل مشرا کی اہلیہ نے ان کی موت کی تصدیق کردی،58 سالہ اکھل مشرا گزشتہ کچھ عرصے سے بلڈ پریشر کے مرض میں مبتلا تھے۔
رپورٹ کے مطابق اکھل مشرا اسٹول پر بیٹھے کچن میں کچھ کررہے تھے جب وہ سلپ ہوکر گر پڑے، اس حادثے میں اداکار کے سر پر چوٹ لگی اور جب انہیں اٹھایا گیا تو کچن میں خون ہی خون تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق حادثے کے وقت اکھل کی اہلیہ سوزین برنرٹ شوٹنگ کے سلسلے میں حیدرآباد میں تھیں جو اطلاع ملتے ہی فوری طور پر اپنے گھر پہنچیں، لیکن تب تک ان کے شوہر جان کی بازی ہار چکے تھے۔
واضح رہے کہ اکھل مشرا نے تھری ایڈیٹس میں لائبریرین 'دوبے' کا کردار نبھایا تھا جو آج بھی مقبول ہے۔ اس کے علاوہ وہ کئی معروف فلموں میں بطور معاون اداکار بھی آئے۔