استحکام پاکستان پارٹی ( آئی پی پی ) کے مرکزی ترجمان فیاض الحسن چوہان کا ٹک ٹاک اکاؤنٹ بلاک ہوگیا۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے سوشل میڈیا ایکٹوسٹ نے مسلسل رپوٹنگ کے ذریعے آئی پی پی ترجمان فیاض الحسن چوہان کا ٹک ٹاک اکاؤنٹ بلاک کروا دیا ہے۔
اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں آئی پی پی ترجمان فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ میرا ٹک ٹاک اکاؤنٹ بلاک کروا کر پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) نے اپنی شکست تسلیم کی ہے، پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا ٹیم اگرمیرا مقابلہ نہیں کرسکتی تو ریاست کا کیا کرے گی۔
فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ میرا جُرم سب سے پہلے پاکستان کا نعرہ لگا نا ہے، میرا جُرم تحریکِ فساد فی الارض کو سوشل میڈیا پر بے نقاب کرنا ہے ، پی ٹی آئی میدان میں مقابلہ کرے گیدڑوں کی طرح راہ فراراختیارنہ کرے۔
انہوں نے کہا کہ ابھی تو میں سوشل میڈیا پر بھرپور متحرک نہیں ہوں تو پی ٹی آئی کی ہوا اُکھڑ گئی ہے، پاکستان کی بقا کی جنگ سوشل میڈیا، الیکٹرانک میڈیا اور سیاست کے میدان پر جاری رہے گی، بانی چئیرمین پی ٹی آئی کی ملک دشمن پالیسیوں کو بے نقاب کرنے پر میرا ٹک ٹاک اکاؤنٹ بلاک کروایا گیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی سوشل میڈیا ٹیم تگڑی رہے ، پاکستان کے لیے اور تحریکِ فساد فی الارض کےخلاف جنگ جاری رہے گی۔