سیکریٹری خارجہ سائرس سجاد قاضی نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستانی شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھارت ملوث ہے، انڈین ایجنبٹ کو پاکستان سے فرار ہوتے ہوئے گرفتار کرلیا گیا، بھارت پاکستان کی خودمختاری اور سالمیت کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔
سیکریٹری خارجہ سائرس سجاد قاضی نے جمعرات کو دفتر خارجہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے ہندوستان کے اجرتی قاتل کو گرفتار کرلیا، جو پاکستان میں دہشت گردی اور قتل کی وارداتوں میں ملوث تھا۔
ان کا کہنا ہے کہ پاکستانی شہری شاہد لطیف کے قتل میں ہندوستانی ایجنٹ ملوث ہے، ایک اور شہری محمد ریاض کو راولاکوٹ میں مسجد کے باہر بھی پڑوسی ملک کے ایجنٹوں نے قتل کیا۔
سیکریٹری خارجہ کے مطابق ہندوستانی ایجنٹ یوگیش کمار عرف محمد عمیر نے شاہد لطیف کے قتل ک ااعتراف کرلیا، ان ایجنٹوں سے متعلق مزید معلومات جمع کی جا رہی ہیں، اجرتی قاتلوں کی خدمات سوشل میڈیا کے ذریعے لی گئیں، کچھ حساس معلومات ابھی شیئر نہیں کی جاسکتیں۔
سیکریٹری خارجہ نے بتایا کہ شاہد لطیف کو مارنے کے لیے انڈین شہری یوگیش کمار نے یہاں مقامی قاتل کو ہائر کیا اور شاہد لطیف کو قتل کروایا، ٹارگٹ کلر عمیر نے 5 ٹارگٹ کلرز کی ٹیم بنائی، قانون نافذ کرنے والے اداروں عمیر کو ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا، قاتل عمیر 12 اکتوبر کو ملک سے باہر فرار ہورہا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ دوسرا کیس محمد ریاض کا ہے جسے راولاکوٹ میں فجر کے وقت قتل کیا گیا، تفتیش سے پتہ چلا کہ عبداللہ علی نامی ٹارگٹ کلر نے محمد ریاض کو قتل کیا۔
پاکستان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ عالمی سطح پر بھارت کا محاسبہ کیا جانا چاہئے اور اسے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس 11 اکتوبر کو پنجاب کے ضلع سیالکوٹ کے ایک قصبے ڈسکہ میں مولانا شاہد لطیف کو 3 افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا، اس سے قبل 9 ستمبر کو آزاد کشمیر کے شہر راولاکوٹ میں ایک مسجد کے باہر محمد ریاض کو گولی مار کر قتل کیا گیا تھا۔