نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے بحیثیت قوم ہم نے دہشتگردی کی لعنت کا انتہائی بہادری سے مقابلہ کیا، اس جنگ میں کامیابیاں نوجوانوں کی شمولیت کے بغیر ممکن نہیں تھیں۔
اسلام آباد میں یوتھ کنونشن سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے دہشت گردی کی لعنت کیخلاف مسلح افواج کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں قوم نے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔
نگران وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی نوجوان ہماری آبادی کا 65 فیصد ہیں، ان کی شمولیت اور تعاون کے بغیر دہشت گردی کیخلاف جنگ میں فتح ناممکن تھی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ پاکستانی قوم نے دہشت گردی کے ناسور کا جرأت اور بہادری سے مقابلہ کیا اور لازوال قربانیاں دیں، پاک فوج نے پوری لگن اور پیشہ ورانہ مہارت سے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ذمہ دار شہری ہونے کے ناطے ہمیں پاکستان کے خلاف پاکستان کے دشمنوں کے پھیلائے ہوئے پراپیگنڈے کو مسترد کرنا چاہئے۔
نگران وزیراعظم کا کہنا ہے کہ پاکستانی نوجوان قومی سلامتی کے اس ابھرتے ہوئے چیلنج سے نبرد آزما ہونے میں کلیدی کردار ادا کرسکتے ہیں، اس چیلنج پر اسی وقت قابو پایا جاسکتا ہے جب نوجوان، دشمنوں کے پھیلائے ہوئے پراپیگنڈے کو مسترد کرکے ریاست کی طرف سے فراہم کردہ مستند معلومات پر انحصار کریں۔