سعودی عرب نے خام تیل کی یومیہ پیداوار میں 10 لاکھ بیرل یومیہ کی کٹوتی میں مزید 3 ماہ کیلئے توسیع کردی، اب یہ کٹوتی دسمبر 2023ء کے آخر تک جاری رہے گی۔
عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب کی وزارتِ توانائی کے ایک سرکاری ذریعے نے منگل کو بتایا کہ اکتوبر، نومبر اور دسمبر کے مہینوں میں مملکت کی خام تیل کی پیداوار قریباً 90 لاکھ بیرل یومیہ ہوگی جبکہ پیداوار میں کمی یا اضافے کیلئے کٹوتی کا ماہانہ جائزہ بھی لیا جائے گا۔
سعودی سرکاری ذرائع نے واضح کیا کہ پیداوار میں کٹوتی اپریل میں اعلان کردہ اس رضاکارانہ کمی کے علاوہ ہے جو دسمبر 2024ء کے آخر تک جاری رہے گی۔
سعودی حکومت کا کہنا ہے کہ رضاکارانہ کٹوتی میں اضافے کا مقصد تیل کی منڈیوں میں استحکام اور توازن کی حمایت کیلئے اوپیک پلس کے اختیار کردہ احتیاطی کوششوں کو مضبوط کرنا ہے۔