پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر عمیر نیازی نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے انتخابی مہم کے حوالے سے چاروں ہائیکورٹس میں درخواستیں دینے کی ہدایت کی ہے۔ الیکشن ہورہا ہے مگر ہمیں کمپئن نہیں کرنے دی جارہی۔ شاید یہ انتخابات سے راہ فرار اختیار کریں گے۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمیر نیازی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے واضح کیا ہے کہ آٹھ فروری کا الیکشن ہر صورت ہونا چاہیے۔ آج بھی اڈیالہ جیل میں سائفر کیس کی سماعت ہوئی اور گواہان کے بیانات ریکارڈ کئے گئے۔ دونوں سینئر وکیل موجود نہیں تھے۔
انہوں نے کہا معاون وکیل قمر عنایت راجہ نے درخواست دی کی بیانات ریکارڈ نہ کیے جائیں تاہم درخواست کے باوجود گواہوں کے بیانات قلمبند کئے گئے اس حوالے سے اعتراض بعد میں اٹھایا جائے گا اسی تناظر میں لگتا ہے شاید دوبارہ ٹرائل ہو۔
انہوں نے بتایا کہ شاہ محمود قریشی نے کہا جاوید ہاشمی بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے تحریک چلائیں، بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے تمام امیدوار اتوار کو مہم شروع کریں، جو امیدوار کمپین شروع نہیں کرے گا اسکا ٹکٹ بدل دیا جائے گا۔
عمیر نیازی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے یہ بھی کہا کہ "غلامی نا منظور" ہماری کمپین کا نعرہ ہوگا۔ غریبوں کو سزا ہوگی تو امیر یونہی بچتے رہیں گے، پی ٹی آئی واحد جماعت ہے جو قانون کی حکمرانی کیلئے کام کرسکتی ہے۔