علمائے کرام کا کہنا ہے کہ دینی طلباء اور علمائے کرام کو خوارج کے پروپیگینڈے کو مسترد کرنا چاہیے۔ مدارس سے فارغ و تحصیل طلباء کو خوارج کے بہکاوے میں نہیں آنا چاہیے۔
ٹی ٹی پی کی جانب سے طلباء کو دہشتگردی کی ترغیب دینے کے خلاف ملک بھر کے علمائے کرام کا سخت ردعمل سامنے آیا ہے۔ علامہ عابد حسین شاکری نے کہا کہ مدارس سے فارغ و تحصیل طلباء کو خوارج کے بہکاوے میں نہیں آنا چاہیے۔
مولانا ڈاکٹر عبدالناصر نے کہا کہ دینی طلباء اور علماء کو پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے قدم اٹھانا چاہیے اور خوارج کے پروپیگینڈے کو مسترد کرنا چاہیے، مولانا رحمت اللہ قادری نے کہا کہ یہ خوارج معصوم ذہنوں کو خراب کر کے ان کو غیر شرعی اور غیر اسلامی مقاصد کے حصول کے لیے استعمال کرتے ہیں۔
مولانا طیب قریشی نے کہا کہ پاکستان کی فوج کو اور پاکستان کو نقصان پہنچانا گویا عالم اسلام اور اسلام کو نقصان پہنچانا ہے، مولانا رحمت اللہ قادری نے کہا کہ پاکستان دین اسلام کا ایک مضبوط قلعہ ہے اور پاکستان میں دین اسلام کا فروغ عروج پر ہے۔
مولانا رحمت اللہ قادری کا کہنا ہے کہ پاکستان کے مسلمانوں پر خوارج کی صورت میں ایک آزمائش لاحق ہے، فتنوں کے اس دور میں خوارج کا فتنہ سب سے بڑا اور خطرناک ہے، مفتی فضل جمیل رضوی نے کہا کہ دشمنان پاکستان اور دشمنان اسلام نے حال ہی میں جہاد کے نام سے نوجوان نسل کو گمراہ کرنے کی کوشش کی ہے، ہم سب کو اتفاق و اتحاد سے ان لوگوں کے شر و فساد سے بچنا چاہیے۔
مولانا طیب قریشی نے کہا کہ سارے مدارس اور سارے علماء ریاستی اداروں اور پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں، اپنے ملک کو سازشوں سے بچانا ہم سب کا فریضہ ہے۔