وفاقی حکومت نے عالمی مالیاتی اداے (آئی ایم ایف) کو نیب سمیت انسداد بدعنوانی کے اداروں میں سیاسی مداخلت ختم کرنے کی یقین دہانی کرادی۔
دستاویز کے مطابق حکومت نے کرپشن، رشوت ستانی اورمنی لانڈرنگ کی روک تھام کیلئے آئی ایم ایف کو جامع اصلاحات کی یقین دہانی کرا دی، نیب سمیت انسداد بدعنوانی کے اداروں میں سیاسی مداخلت کا خاتمہ اور انہیں شفاف بنایا جائےگا۔
کابینہ کی منظوری سے اینٹی کرپشن فریم ورک رپورٹ شائع کی جائے گی۔ عوامی نمائندوں اور کابینہ ارکان کے ظاہر کردہ اثاثوں کی معلومات کو عام کیا جائے گا،حکومت نے رشوت، فراڈ اور بھتہ خوری کی روک تھام کیلئے اداروں کو مضبوط بنانا اولین ترجیح قرار دیدیا۔
دستاویز کے مطابق عوامی نمائندوں، کابینہ ارکان کے ظاہر کردہ اثاثوں کی معلومات تک عوام کو رسائی دی جائے گی، کرپشن کیسز کی تحقیقات اور سزاؤں کیلئے نیب سمیت اداروں کو شفاف و موثر بنانے کا عزم ظاہر کیا گیا ہے۔
دستاویز میں مزید لکھا گیا ہے کہ چیئرمین نیب کی میرٹ پر تعیناتی، تحقیقات کیلئے نیب کے دائرہ اختیار کا تعین کیا جائے گا، اینٹی کرپشن ٹاسک فورس مارچ میں اپنی رپورٹ شائع کرے گی، ٹاسک فورس میں بین الاقوامی تجربے کے حامل ماہرین، سول سوسائٹی کو شامل کیا جائے گا۔
حکومت نے آئی ایم ایف کو تحریری یقین دہانی میں کہا ہے کہ ایسٹ ڈکلیئریشن اور بینکس نظام کو بہترین مروجہ عالمی طریقہ کے مطابق بنایا جائے گا، کرپشن کے خلاف اقوام متحدہ کے کنونشن کے تحت رپورٹ شائع کی جائے گی۔