سوسائٹی آف اوبسٹیٹک اینڈ گائناکولوجی آنکولوجی نے شعبہ طب کے تحقیقاتی ادارے فارمیوو ریسرچ فورم کے تعاون سے خواتین کے مختلف کینسرز کی رجسٹری قائم کردی۔
آرٹیفیشل انٹیلیجنس بیسڈ چیٹ باٹ فیم جی پی ٹی کا افتتاح گورنر سندھ محمد کامران خان ٹیسوری نے کیا۔ ڈاکٹرز اس چیٹ باٹ کے ذریعے پریکٹسز میں مسائل کے حوالے سے سوالات پوچھ سکیں گے۔
سوسائٹی آف اوبسٹیٹک اینڈ گائناکولوجی آنکولوجی کے صدر ڈاکٹر فرید ظفر اور دوا ساز ادارے فارمیوو ریسرچ فورم کے ڈائریکٹر ڈاکٹر مسعود جاوید نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے۔
اس موقع پر سوسائٹی آف اوبسٹیٹک اینڈ گائناکولوجی آنکولوجی کی نائب صدر ڈاکٹر شبین ناز مسعود، دوا ساز ادارے فارمیوو کے ڈائریکٹر مارکیٹنگ افیئرز عبدالصمد اور گائناکولوجی کے ہیڈ کامران زمان بھی موجود تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ محمد کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ کوئی ایسا انجکشن بھی ایجاد کرنا چاہئے جو سیاستدانوں کو سیاست میں آنے سے پہلے لگادیں تاکہ پاکستان کے مسائل حل ہوسکیں اور اس ملک کو جس مقصد کیلئے حاصل کیا گیا تھا وہ مقصد حاصل کیا جاسکے۔
ان کا کہنا ہے کہ دو دن سے اسپتالوں کے دورے کر رہا ہوں، ایک بیڈ پر 3، تین بچے دیکھے ہیں، اس شہر جسے ملکی معیشت کا مرکز اور منی پاکستان کہتے ہیں اس کے سب سے بڑے اسپتال کی ایمرجنسی کا یہ حال ہے تو باقی سرکاری اسپتالوں کا کیا حال ہوگا۔
کامران ٹیسوری نے کہا کہ اس معاشرے کو کرپشن اور مس مینجمنٹ کا کینسر کھا رہا ہے، جو پوری دنیا میں ہماری بدنامی کا باعث بن رہا ہے، پاکستان آئی ایم ایف کے آگے ہاتھ باندھے کھڑا ہے۔
گورنر سندھ کا کہنا ہے کہ معاشی حالات ایسے ہوں گے اور پریشانیاں ہوں گی تو عام آدمی اپنے بچوں کو کیسے اچھی تعلیم دے سکے گا، 25 ہزار آمدن میں گھر کا کرایہ دے گا، بیماریوں کا علاج کروائے گا یا اپنے بچوں کو تعلیم دلوائے گا۔
سوسائٹی آف اوبسٹیٹک اینڈ گائناکولوجی آنکولوجی کے صدر ڈاکٹر فرید ظفر نے کہا کہ آج ایک نئی سوسائٹی کا سنگ بنیاد رکھا گیا، ہماری درخواست ہے کہ گورنر سندھ اس کے پیٹرن ان چیف بنیں، کینسر سے بچاؤ کیلئے ایک انجکشن لگتا ہے اس کی پاکستان میں فراہمی کو یقینی بنایا جائے، والدین بچی کو شادی میں جہیز دیں یا نہ دیں، یہ انجکشن ضرور لگوائیں۔