چینی وزیر خارجہ کی آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ دفاعی تعاون بڑھانےپر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
پاک فوج کےشعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) سے جاری بیان کے مطابق پاکستان کے دورے پر آئے چینی وزیر خارجہ نےآرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ملاقات کی ، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ دفاعی تعاون بڑھانےپر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
بیان کے مطابق چینی نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور چین ہمہ موسمی تزویراتی شراکت دار ہیں۔ انہوں نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کا اعتراف کیا اور سی پیک منصوبوں کے لیے سکیورٹی انتظامات پر چین کے اطمینان سے بھی آگاہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چیف نے معزز مہمان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات دونوں ممالک کے عوام کے لیے علاقائی امن، استحکام اور خوشحالی کی مشترکہ فہم پر قائم ہیں۔