صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان کا کہنا ہے کہ اگلی حکومت میں آئی پی پی کا کلیدی کردار ہوگا، قومی اور صوبائی اسمبلی میں تعداد سے متعلق کہنا قبل ازوقت ہوگا۔
خانیوال میں پریس کانفرنس کے دوران عبدالعلیم خان نے کہا کہ 8 فروری کے نتائج کے بعد پتہ چلے گا کس پارٹی کے پاس اکثریت ہے۔ کہا کہ سندھ میں بھی ہمارے امیدوار الیکشن لڑر ہے ہیں۔ پنجاب سے تقریباً50 قومی، صوبائی امیدوار الیکشن لڑ رہے ہیں۔ ن لیگ سے بہت ساری جگہوں پرسیٹ ایڈجسٹمنٹ نہیں ہوئی۔
عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ الیکشن کے بعد بننے والی حکومت 5 سال کیلئے پلان دے گی، ہم نے متوسط طبقے کیلئے 300 یونٹ مفت بجلی کا اعلان کیا، ساڑھے12 ایکڑ سے نیچے کسان کیلئے بھی بجلی مفت ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ کچی آبادیوں میں لوگ بہت برے حال میں رہے ہیں، کچی آبادیوں میں فلیٹ تعمیرکریں گے۔ مکانوں کی تعمیر کیلئے قرضہ بھی دیں گے۔ مرلے کے پلاٹ ان لوگوں کو دیں گے جن کے پاس مکان نہیں۔
عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ بہت ساری سرکاری زمینیں بنجر پڑی ہیں، ایسی زمینیں عوام کی فلاح کیلئے استعمال ہونی چاہئیں، ان کا مزید کہنا تھا کہ زراعت ہمارے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، ہم ابھی تک زراعت کا فائدہ نہیں اٹھا سکے پاکستان کے وسائل ہیں اگر پلاننگ صحیح ہوتی تو یہ کام ہوچکے ہوتے۔
صدر استحکام پاکستان پارٹی نے کہا کہ بڑی گاڑی والا پیٹرول اسی قیمت پر موٹرسائیکل میں بھی ڈالا جارہا ہے، غریب کو بھی اسی قیمت میں پیٹرول ملنا زیادتی ہے، غریب کیلئے پیٹرول کی قیمت آدھی کریں گے۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ عوام نے اعتماد کیا تو یہ پروگرام ضرور پورے کریں گے، امید ہے پورے پاکستان کی حکومتیں ہمارا منشوراپنائیں گی، یہ پروگرام عوام تک پہنچ گیا تو لوگوں کو بہت ریلیف ملے گا، اگلی حکومت جس کی بھی ہو اس منشور کو اپنائے، ہمارا منشور عوام کی توقعات کے قریب ترین ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسپتالوں اور اسکولوں کی کمی کو پورا کریں گے، سڑکوں کی بہتری، پینے کے صاف پانی کا نظام قائم کریں گے، پاکستانی قوم کے اندربہت اہلیت ہے، ایسا سسٹم چاہیے جسے لوگ سمجھ سکیں۔ پاکستان کو مستحکم حکومت کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔
صدر استحکام پاکستان پارٹی نے مزید کہا کہ ذاتی اور اخلاقی طور پر سمجھتا ہوں پی ٹی آئی کونشان الاٹ ہونا چاہیے، قانونی تقاضوں میں پی ٹی آئی سے کوتا ہی ہوئی ہے۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ 9مئی ہمارے لیے ریڈلائن ہے، جو لوگ9 مئی میں ملوث نہیں انہیں الیکشن کی اجازت ہونی چاہیے۔