روس کے شہر سینٹ پیٹرزبرگ کے قریب گیس ایکسپورٹ ٹرمینل میں دھماکا ہوگیا۔
روسی میڈیا رپورٹس کے مطابق اتوار کے روز سینٹ پیٹرزبرگ کے قریب گیس ایکسپورٹ ٹرمینل میں دھماکا ہوا جس کے بعد بڑے پیمانے پر آگ لگ گئی تاہم، آگ پر قابو پا لیا گیا ہے اور واقعہ میں کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق ٹرمینل میں آگ لگنے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی ہے لیکن علاقے میں ڈرون دیکھے گئے ہیں۔
خیال رہے کہ روس اور یوکرین نے جنگ میں ڈرون کا استعمال کیا ہے لیکن یوکرین عام طور پر ایسے حملوں کو تسلیم نہیں کرتا۔
علاقائی گورنر الیگزینڈر ڈروزڈینکو نے بتایا کہ خلیج فن لینڈ میں گیس پروڈیوسر نووٹیک کے ٹرمینل پر ہونے والے دھماکے کے بعد ہائی الرٹ سسٹم نافذ کر دیا گیا ہے۔
روسی نیوز آؤٹ لیٹ شاٹ نے مقامی باشندوں کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا کہ انہوں نے ایسٹونیا کے ساتھ روس کی سرحد کے قریب است لوگا کے مقام پر ایک ڈرون کی آواز سنی جس کے بعد کئی دھماکے ہوئے اور آگ لگ گئی جس کے قریب تین بڑے بین الاقوامی ٹینکرز بھی موجود تھے۔
قبل ازیں روسی وزارت دفاع کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق ہفتے کی رات یوکرین کے ساتھ سرحد کے قریب سمولینسک کے علاقے میں تین یوکرائنی ڈرونز کو گرایا گیا ہے۔
خیال رہے کہ روس اور یوکرین ایک دوسرے کے توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بناتے رہے ہیں اور جمعہ کو جنوب مغربی روس کے شہر برائنسک میں بھی تیل کے ایک ڈپو میں آگ بھڑک اٹھی تھی جس کا الزام ماسکو نے یوکرینی ڈرون حملے پر لگایا تھا۔