بلاول بھٹو زرداری نے مسلم لیگ ن کو مناظرے کا چیلنج دیدیا۔ سماء کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ آزاد امیدواروں کو ساتھ ملائیں گے، 172 کا نمبر کراس کر جائیں گے، 8 فروری کو سرپرائز دے کر جیالا وزیراعظم لائیں گے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سماء کے پروگرام ’’میرے سوال‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار کو مناظرے کا چیلنج دے ڈالا۔ بولے پاکستان کی اکثریت کسی کو چوتھی بار وزیراعظم نہیں دیکھنا چاہتی، شہباز شریف کو کہا تھا نواز شریف کو واپس بلاؤ، الیکشن کراؤ، اسٹیبلشمنٹ نے سیاست میں مداخلت نہ کرنے کا اچھا فیصلہ کیا، سیاستدانوں نے موقع گنوا دیا۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی کو کہا تھا مجھے اپوزیشن میں بیٹھنے دیں، آصف زرداری نے کہا زبان سے نہیں پھرسکتا۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے دعویٰ کیا کہ آزاد امیدواروں کو ساتھ ملاکر 8 فروری کو سرپرائز دیں گے، 172 کا نمبر پار کرکے جیالا وزیراعظم لائیں گے، ن لیگ کا بیانیہ ہے ’’ساڈی گل ہوگئی‘‘۔
کوٹ ادو میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ تمام سیاستدان خلائی مخلوق سے امیدیں لگائے بیٹھے ہیں، صرف میں عوام کی طرف دیکھ رہا ہوں، سازشیں ناکام بنادیں گے۔
بولے بار بار وزیراعظم بننے والے کہتے ہیں پنجاب میں دودھ اور شہد کی نہریں بہادیں، لاہور میں میرے حلقے میں تو صاف پانی بھی نہیں ہے، شوبازی سے کام نہیں چلے گا، ہوائی باتیں نہیں، 30 لاکھ گھر بناکر دوں گا۔