پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک اور بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا کے درمیان علیحدگی کی تصدیق ہوگئی جبکہ ان کا بیٹا اذہان اپنی والدہ کے پاس رہے گا۔
ہفتہ کے روز قومی ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ثناء جاوید کے ساتھ دوسری شادی کا اعلان کیا اور فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اپنی شادی کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے اپنے مداحوں کو خوشخبری سنائی۔
یہ بھی پڑھیں۔ شعیب ملک نے ثناء جاوید کے ساتھ دوسری شادی کر لی
سابق کپتان نے اپنی انسٹا پوسٹ کے کیپشن میں اللہ تعالیٰ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ’الحمداللہ‘ لکھا اور ساتھ میں قرآنی آیت بھی شیئر کی ۔
شعیب ملک کی دوسری شادی کے بعد ان کی پہلی اہلیہ ثانیہ مرزا کے ساتھ علیحدگی کی تصدیق بھی ہوگئی ہے اور ذرائع کے مطابق دونوں نے باہمی اتفاق کے ساتھ علیحدگی کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں۔ شعیب ملک اور ثناء جاوید کی شادی کب اور کہاں ہوئی؟
یاد رہے کہ اپریل 2010 میں شادی کے بندھن میں بندھنے والی جوڑی شعیب اور بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا کے درمیان طلاق کی افواہیں دسمبر 2022 سے زیر گردش تھیں۔
علیحدگی کے بعد جوڑے نے فیصلہ کیا ہے کہ ان کا بیٹا اذہان اپنی والدہ کے پاس رہے گا اور دونوں مل کر بیٹے کی کفالت کریں گے۔
خیال رہے کہ دونوں کے ہاں شادی کے 8 سال بعد 30 اکتوبر 2018 کو بیٹے اذہان کی پیدائش ہوئی تھی۔