پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ثناء جاوید کے ساتھ دوسری شادی کرلی۔
واضح رہے کہ سابق کپتان شعیب ملک نے اس سے قبل بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا سے شادی کی تھی اور ان کا بیٹا بھی ہے جبکہ اداکارہ ثناء جاوید نے اس سے قبل گلوکار عمیر جیسوال کے ساتھ شادی کی تھی۔
ہفتہ کے روز فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر قومی ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے اداکارہ ثناء جاوید کے ساتھ شادی کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے اپنے مداحوں کو خوشخبری سنائی۔
سابق کپتان نے اپنی انسٹا پوسٹ کے کیپشن میں اللہ تعالیٰ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ’الحمداللہ‘ لکھا اور ساتھ میں قرآنی آیت بھی شیئر کی ۔
View this post on Instagram
انہوں نے جو قرآنی آیت شیئر کی اس کا ترجمہ یوں ہے کہ ’اور ہم نے تمہیں جوڑوں میں بنایا ہے‘۔
یہ بھی پڑھیں۔ شعیب ملک اور ثناء جاوید کی شادی کب اور کہاں ہوئی؟
شعیب ملک نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر بھی اپنی دوسری شادی کے حوالے سے پیغام جاری کیا اور یہی کیپشن تحریر کیا۔
- Alhamdullilah ♥️
— Shoaib Malik 🇵🇰 (@realshoaibmalik) January 20, 2024
"And We created you in pairs" وَخَلَقْنَاكُمْ أَزْوَاجًا pic.twitter.com/nPzKYYvTcV
شعیب ملک اور ثناء جاوید کی شادی 18 جنوری کو کراچی میں منعقدہ ایک تقریب میں ہوئی جس میں قریبی رشتہ داروں اور دوستوں نے شرکت کی۔
تاہم ، شعیب کی جانب سے دوسری شادی کا اعلان 20 جنوری کو کیا گیا جس کے بعد ان کے مداحوں کی جانب سے مبارکباد کا تانتا بندھ گیا اور جوڑے کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔
دوسری جانب اداکارہ ثناء جاوید نے اپنے انسٹا اکاؤنٹ پر نام ’ثنا جاوید‘ سے تبدیل کرکے ’ثنا شعیب ملک‘ رکھ لیا ہے۔
شعیب اور ثانیہ میں طلاق
شعیب ملک اور ثانیہ مرزا میں باہمی اتفاق کے ساتھ علیحدگی ہوگئی ہے اور انکا بیٹا اپنی والدہ کے ساتھ رہے گا جبکہ شعیب ملک اور ثانیہ مرزا مل کر بیٹے کی کفالت کریں گے۔
یاد رہے کہ اپریل 2010 میں شادی کے بندھن میں بندھنے والی جوڑی شعیب اور بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا کے درمیان طلاق کی افواہیں دسمبر 2022 سے زیرگردش تھیں۔
ثناء جاوید اور عمیر جیسوال میں طلاق
اداکارہ ثناء جاوید اور عمیر جیسوال کی شادی اکتوبر 2020 میں ہوئی تھی اور جوڑے کے درمیان طلاق کی افواہیں کافی دنوں سے زیر گردش تھیں جبکہ اس حوالے سے انہوں نے تردید یا تصدیق نہیں کی تھی تاہم دونوں کی جانب سے اپنے انسٹا اکاؤنٹ سے نکاح کی تصاویر ڈیلیٹ کر دی گئیں تھیں۔
خیال رہے کہ دونوں کی علیحدگی سے متعلق مزید تفصیلات سامنے نہیں آ سکیں۔