میکسیکو میں پولیس نے فراڈ اور بھتہ خوری میں ملوث ایک لڑکی کو اس کی شادی کے روز تقریب سے گرفتار کرلیا۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق میکسیکو کی پولیس نے ایک نوبیاہتا جوڑے کی شادی کے روز ہی تقریب پر دھاوا بول دیا، اس جوڑے پر فراڈ کا الزام تھا۔
رپورٹ ے مطابق پولیس نے عروسی لباس میں ملبوس دُلہن کو گرفتار کرلیا جبکہ اس کا دولہا موقع سے فرار ہوگیا۔
میکسیکو پولیس کی جانب سے سوشل میڈیا پر دُلہن ’نینسی‘ کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے بتایا گیا کہ نینسی کو مرغی کے تاجروں سے بھتہ لینے اور 4 تاجروں کو اغواء کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا جبکہ فرار ہونیوالا نینسی کا شوہر ’دی ماؤس‘ بھی ان ہی الزامات میں پولیس کو مطلوب ہے۔
میکسیکو پولیس کا کہنا ہے کہ نینسی اور دی ماؤس کی گرفتاری سے قبل دیگر 6 افراد کو بھی فراڈ، بھتہ خوری اور اغواء کے الزامات میں گرفتار کیا جاچکا ہے۔