جاپان کی سب سے بڑی شپنگ کمپنی کی بحیرۂ احمر میں جہازوں کی آمدورفت معطل کردی گئی۔
عرب میڈیا کے مطابق جاپان کی نقل و حمل کی سب سے بڑی کمپنی نپون یوسین نے بحیرۂ احمر میں چلنے والے تمام جہازوں کی آمد و رفت معطل کر دی۔
کمپنی کے ترجمان نے کہا کہ این وائے کے لائن کے نام سے معروف کمپنی نے بھی بحیرۂ احمر کے قریب آمد و رفت کرنے والے جہازوں کو محفوظ پانیوں میں انتظار کرنے کی ہدایت کی ہے اور وہ راستے میں تبدیلی پر غور کر رہی ہے۔
یمن میں حوثی افواج پر امریکی اور برطانوی فضائی حملوں کے آغاز کے بعد کمبائنڈ میری ٹائم فورسز نے جہاز راں کمپنیوں کو خطے سے دور رہنے کا مشورہ دیا تھا۔ جاپان کے روزنامہ نکی بزنس نے بھی رپورٹ کیا کہ جہاز رانی اور نقل و حمل کی دو دیگر جاپانی کمپنیوں مٹسوئی او ایس کے لائنز اور کاواساکی کسن کیشا نے بھی اپنے تمام جہازوں کی بحیرۂ احمر کے راستے نقل و حرکت معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔