بالی ووڈ اداکارہ پرینیتی چوپڑا اورعام آدمی پارٹی سے تعلق رکھنے والے بھارتی پارلیمنٹیرین راگھو چڈھا کی شادی کا کارڈ منظرِ عام پر آگیاہے جس کے مطابق 23 اور 24 ستمبر 2023 کو پرینیتی چوپڑا اور راگھو چڈھابھارتی صحرائی ریاست راجستھان کے شہر اودھے پور میں رشتہ ازدواج میں بندھ جائیں گے۔
شادی کا کارڈ سامنے آتے ہی ان کے پرستاروں کی جانب سے خوشی اور نیک تمناؤں کے اظہار کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔
پرینیتی چوپڑا بالی ووڈ کی خوبرواداکارہ ہونے کے ساتھ ساتھ ایک باکمال گلوکارہ کے طورپر بھی ابھر رہی ہیں۔ ان کی بھارتی سیاستدان راگھو چڈھا سے شادی کی تاریخ ، تقریبات اور دیگر انتظامات کے بارے میں دلچسپ معلومات کا سوشل میڈیا پر خاصاچرچا ہو رہا ہے ۔یہ بھی کہا جارہا ہے کہ شادی سے پہلے کی تقریبات کا آغاز 17 ستمبر 2023 سے ہو جائے گا۔
View this post on Instagram
پری اور راگھو کی شادی کے سفید کارڈ کے بارڈر پر گولڈن نقش و نگار کارڈ کے نفیس ڈیزائن کو ظاہر کر رہے ہیں جس پر گولڈن کلر میں پرینیتی اور راگھو کا نام کندہ کیا گیا ہے۔
سوشل میڈیا سے ملنے والی معلومات کے مطابق پرینیتی چوپڑا اور راگھو چڈھا کی شادی بالی ووڈ کی بڑی شادیوں میں سے ایک ہونے والی ہے جسے برسوں تک یاد رکھا جائے گا کیونکہ یہ کوئی عام شادی نہیں بلکہ ایک بھارتی سیاستدان کی بالی ووڈ ایکٹرس سے شادی ہے کیونکہ اکثر اداکاراؤں کے سیاستدانوں سے معاشقے اور سکینڈلز تو بہت دیکھے ہیں لیکن بالی ووڈ اور راج نیتی کا سنگم کم کم ہی دیکھنے کو ملا ہے ۔
پرینیتی اورراگھو نے شادی کی تقریبات کے لئے اودھے پور، راجستھان کے لیلا پیلس ہوٹل کا انتخاب کافی مہینے پہلے ہی کر لیا تھا۔
اس سے پہلے ہم نے دیکھا کہ بالی ووڈ کی بڑی اداکاراؤں نے بھارت سے باہردوسرے ملکوں میں جا کر شادیاں کیں جہاں ان کی شادی میں گنے چنے دوست اورقریبی رشتے دار ہی شرکت کرتے رہے ہیں۔
دراصل بالی ووڈ ایکٹرس رانی مکھر جی اور بالی ووڈ کی بڑی پروڈکشن کمپنی کے مالک ادتیہ چوپڑا نے چپکے سے اٹلی میں شادی کر لی اس کے بعد انوشکا شرما اور ویرات کوہلی نے بھی شادی کے لئے اٹلی کا انتخاب ہی کیاتھا لیکن پرینیتی اور راگھو کے مداحو ں کی خواہش تھی کہ وہ اپنی شادی پاکستان سے باہر نہ کریں ۔
جب پری اور راگھو شادی کی جگہ کانتخاب کر رہے تھے تو وہ اودھے پور گئے وہاں ان کے ایک من چلے سے پرستار نے کہا کہ پری جی آپ اٹلی میں جا کر شادی نہ کر لینا ، ہمیں بھی شادی میں بلالینا جس پر پری نے جواب دیا تھا کہ ہاں بھئی ضرور آنا،ضرور آنا۔۔۔لہٰذااب جب پری اور راگھو کہ شادی کے کارڈ کے ساتھ ان کی شادی سے متعلق تفصیلات سامنے آئی ہیں ان کے مداح بہت خوش ہیں ۔
پری اور راگھو کی مہندی، ہلدی اور سنگیت کی تقریبات اودھے پور میں 23 ستمبر کو منعقد ہوں گی جبکہ 24 ستمبر کو پری اور راگھو کا ریسیپشن ہو گا جس میں ان کی فیملی کے علاوہ قریبی دوست ، بالی ووڈ کے بڑے بڑے ستارے اور راج نیتی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات بھی شرکت کریں گی ۔
کہا جارہاہے کہ اودھے پور میں 200 مہمانوں کے ٹھہرنے کا انتظام کیا گیا ہے جو پری اور راگھو کی شادی میں شرکت کریں گے ان میں سے 50 مہمان وی وی آئی پی کی فہرست میں شامل ہیں۔ مہمانان خصوصی میں دہلی کے وزیرِ اعلیٰ اروند کجریوال اور ان کے ہم منصب پنجاب کے وزیرِ اعلیٰ بھگونت من بھی شریک ہوں گے۔
اس حوالے سے سکیورٹی انتظامات کا خاص خیال رکھا جا رہا ہے، تقریبات کے دنوں میں سکیورٹی کے لئےسپیشل ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔
سب سے بڑھ کر پرینیتی کی کزن ، بالی ووڈ اور ہالی ووڈ کی ہر دلعزیز اداکارہ پریانکا چوپڑابھی اپنے شوہر اور ہالی ووڈ ایکٹر نِک جونس اور بیٹی مالتی میری کے ساتھ شرکت کریں گی۔ پریانکا نے تو منگنی کے بعد سے ہی پری کی شادی کی تیاریوں کا آغاز کر دیا تھا اس لئے یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ پریانکا کو بھی پری کی شادی کا شدت سے انتظار ہے۔
پرینیتی اور راگھو چونکہ دونوں ہی پنجابی گھرانوں سے تعلق رکھتے ہیں اس لئے انہوں نے ایک ریسپیشن کا اہتمام چندی گڑھ کے تاج ہوٹل میں بھی کر رکھا ہے۔