سربراہ عوامی مسلم لیگ ( اے ایم ایل ) اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد کی 9 مئی کے مقدمات میں ضمانت منظور ہوگئی۔
منگل کے روز راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کے مقدمات میں سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید اور ان کے بھتیجے راشد شفیق کی ضمانت منظور کرلی ہے۔
انسداد دہشتگردی عدالت راولپنڈی کے جج نے جی ایچ کیو حملہ سمیت تمام چودہ کیسز میں شیخ رشید اور اُن کے بھتیجے شیخ راشد شفیق کی ضمانت منظور کی۔
گزشتہ سماعت کے دوران پولیس کی جانب سے شیخ رشید احمد کی گرفتاری کی استدعا کی گئی تھی اور تفتیشی افسر نے شیخ راشد شفیق کی 9 مئی کی ویڈیو چلا کر بھی عدالت کو دکھائی تھی۔
یاد رہے کہ فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا تھا جو آج سنایا گیا۔