امریکی ڈالر کی قدر میں گراوٹ کا سلسلہ جاری ہے، اورآج بھی انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں امریکی کرنسی کی قدر میں کمی دیکھی گئی۔
کاروباری ہفتے کے تیسرے روز انٹربینک میں ڈالر کی قیمت 1.02روپےکم ہو کر 293.88روپے ہوگئی جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 296 روپے پر فروخت ہو تا رہا۔
گزشتہ دو ہفتوں کے دوران ڈالرانٹر بینک میں 13 اور اوپن مارکیٹ میں اب 34 روپے نیچے آچکا ہے، انٹر بینک میں ڈالر گرنے سے ملکی بیرونی قرضوں میں 1600 ارب روپے کی کمی ہوچکی ہے۔
یاد رہے کہ ڈالر کی ذخیرہ اندوزی کیخلاف کریک ڈاؤن کے دوسرے مرحلے میں ذخائر کی برآمدگی کیلئے متعلقہ اداروں کی گھروں پر چھاپے مارنے کی حکمت عملی اختیار کرنے کے باعث گزشتہ روز بھی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں کمی کا رجحان برقرار رہا۔
واضح رہے ڈالر مافیا کے خلاف جاری کریک ڈاؤن سے گذشتہ دو ہفتوں میں روپے کی قدر میں 4فیصد کا اضافہ ہوا اور روپیہ کی قدر میں مجموعی طور پر 12روپے 19پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں یکم ستمبر سے اب تک ڈالر 32روپے سستا ہوچکا ہے۔