الخدمت فاؤنڈیشن نے غزہ کے متاثرین کےلیے 20 ٹن ادویات اور خوراک پر مشتمل مزید امدادی سامان کی تیسری کھیپ روانہ کر دی گئی ۔
نور خان بیس پر نگران وزیر خارجہ، پاکستان میں فلسطینی سفیر، الخدمت فاؤنڈیشن، این ڈی ایم اے اور پاک فضائیہ کے ذمہ داران سے سامان روانہ کیا۔
اِس موقع پر الخدمت فاؤنڈیشن کے سیکرٹری جنرل سید وقاص جعفری نے کہا کہ غزہ میں جاری جنگ کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال میں الخدمت فاؤنڈیشن پہلے دن سے امدادی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔ غزہ میں بین الاقوامی امدادی اداروں کے تعاون اور مصر میں قائم کیمپ آفس سے امدادی سرگرمیاں جاری رکھنے کے ساتھ ساتھ پاکستان سے بھی امدادی سامان بھجوانے کا سلسلہ جاری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مجموعی طور پر اب تک ادویات، خوراک، ہائی جین کٹس پر مشتمل57 ٹن امدادی سامان پاک فضائیہ کی مدد سے غزہ متاثرین تک پہنچایا جا چکا ہے اور حالیہ بھجوائے گئے سامان میں 13 ٹن ادویات اور 7 ٹن خوراک شامل ہے جو پاک فضائیہ کا خصوصی طیارہ اردن پہنچے گا جہاں اردن میں تعینات پاکستانی سفیر امدادی سامان وصول کریں گے، جس کے بعد یہ امدادی سامان غزہ متاثرین تک پہنچایا جائے گا۔
سید وقاص جعفری نے اِس موقع پر مخیر حضرات سمیت این ڈی ایم اے، پاک فوج اور فضائیہ کا شکریہ ادا کیا جن کے تعاون سے وہ غزہ کے متاثرین تک مدد پہنچانے میں کامیاب ہو سکے۔