خیبر پختونخوا حکومت نے صحت کارڈ پر مفت علاج کی سہولت محدود کردی ہے۔
نگراں حکومت خیبر پختونخوا کے مشیر صحت ریاض انور کا کہنا تھا کہ صرف بے نظیر انکم سپورٹ کے حامل افراد ہی اس سے مکمل فائدہ اٹھا سکیں گے۔ صحت کارڈ میں اصلاحات کی کابینہ نے منظوری دے دی۔
ریاض انور کا کہنا تھا کہ نئی اصلاحات کے مطابق 73 ہزار ہزار تک تنخواہ لینے والے 25 فیصد کی ادائیگی کریں گے، جو بھی اسپتال میں جائے گا اس کا ڈیٹا بے نظیر انکم سپورٹ سے لیا جائے گا۔
مشیر صحت ریاض انور کا کہنا تھا کہ صحت کارڈ ختم نہیں کیا گیا صرف غریب کو اس سے فائدہ ہو گا، معاشی مشکلات کے باعث صحت کارڈ بجٹ میں کچھ کمی کی گئی ہے کیونکہ خیبرپختونخوا کے صحت کارڈ کے اخراجات 30 ارب سے 39 ارب تک پہنچ گئے۔
دوسری جانب میڈیکل عملے پر دوران ڈیوٹی موبائل فون کے استعمال پر پابندی عائد کردی گئی، صوبائی حکومت نے تمام ڈی ایچ اوز اور ایم ایس کو مراسہ جاری کردیا۔