پاکستان میں 8 فروری کو شیڈول عام انتخابات 2024 کی تیاریوں کا سلسلہ جاری ہے اور تمام سیاسی جماعتوں کی جانب سے اپنے اپنے امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ جاری کر دئیے گئے ہیں جبکہ الیکشن کمیشن آف پاکستان ( ای سی پی ) کی جانب سے انتخابی نشانات بھی الاٹ کر دیئے گئے ہیں۔
الیکشن میں خواتین بھی اپنی اپنی پارٹیوں کی نمائندگی کر رہی ہیں اور پارٹی کی جانب سے انہیں ٹکٹ جاری کئے گئے ہیں۔
خیال رہے کہ 2018 کے عام انتخابات کے بعد سے انتخابی فہرستوں میں 9.28 ملین مرد ووٹرز کے مقابلے میں 11.74 ملین خواتین ووٹر کا اضافہ ہوا جس کے بعد ملک میں رجسٹرڈ ووٹرز کی کل تعداد سابقہ 106 ملین سے بڑھ کر 127 ملین تک پہنچ گئی ہے۔
الیکشن 2024 کے لئے پاکستان مسلم لیگ نواز (پی ایم ایل این) نے خواتین امیدواروں کو چھ جنرل نشستوں کے ٹکٹ الاٹ کیے ہیں جن میں مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز شریف، سائرہ افضل تارڑ، نوشین افتخار، شازرہ منصب علی، تہمینہ دولتانہ اور سیدہ شہربانو بخاری شامل ہیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے قومی اسمبلی کی جنرل نشستوں پر نفیسہ شاہ اور شازیہ مری کو ٹکٹ ہولڈرز کے طور پر میدان میں اتارا جیکہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے ’ریکارڈ‘ 21 خواتین کو قومی اسمبلی کے ٹکٹ جاری کئے ہیں۔
پنجاب میں اٹک سے سابق ایم این اے ایمان طاہر صادق، راولپنڈی سے سابق ایم پی اے سیمابیہ طاہر، سیالکوٹ سے سابق وزیراعظم کے مشیر عثمان ڈار کی والدہ ریحانہ امتیاز ڈار، لاہور سے سابق ایم این اے عالیہ حمزہ ملک، سابق صوبائی وزیر ڈاکٹر یاسمین راشد، سدرہ فیصل سابق ایم این اے قصور، ملتان سے شاہ محمود قریشی کی بیٹی مہر بانو قریشی، وہاڑی سے سابق ایم این اے نذیر جٹ کی صاحبزادی عائشہ نذیر جٹ، بہاولنگر سے شوکت بسرا کی اہلیہ مسز طلعت بسرا، بہاولپور سے سابق ایم این اے کنول شوزب پی ٹی آئی خاتون ٹکٹ ہولڈرز کی فہرست میں شامل ہیں۔
پی ٹی آئی نے رحیم یار خان (RYK) سے محترمہ قمر جاوید وڑائچ، مظفر گڑھ سے مسز حمیرا احمد خان، لیہ سے سابق ایم این اے مجید نیازی کی اہلیہ مسز عنبر مجید نیازی، ڈیرہ سے سابق وزیر زرتاج گل وزیر کو بھی قومی اسمبلی کا ٹکٹ دیا ہے۔
علاوہ ازیں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے خیرپور سے عنبرین ملک، سانگھڑ سے حمیدہ مسعود شاہ، تھرپارکر سے مہرالنساء بلوچ، مٹیاری سے نازش فاطمہ بھٹی، ٹنڈو الیار سے روزینہ بھٹو، دادو سے شبانہ نواب بجارانی کو قومی اسمبلی کے ٹکٹ جاری کئیے جبکہ خیبرپختونخوا کے حلقہ این اے 30 پشاور سے سابق ایم این اے شاندانہ گلزار کو بھی ٹکٹ دیا گیا۔
استحکام پاکستان پارٹی ( آئی پی پی ) کی جانب سے سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کو این اے 70 سیالکوٹ سے پارٹی ٹکٹ ملا۔
الیکشن 2024 میں کون سی پارٹی کی خاتون رہنما کس حلقہ سے انتخابی میدان میں اترے گی اس حوالے سے فہرست ذیل میں درج ہے۔