پاکستان کو نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹی ٹوینٹی میچ میں بھی آج 21 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے جس کے بعد اب ٹیم میں ہونے والے اختلافاق کھل کر سامنے آنے لگے ہیں ۔
سماء نیوز کو ذرائع نے بتا یا ہے کہ قومی ٹیم کے کچھ سینئر کھلاڑیوں کی ٹیم کے ڈائریکٹر محمد حفیظ کے ساتھ ٹھن گئی ہے کیونکہ انہوں نے کچھ سینئر کھلاڑیوں کیلئے لیگز کے دروازے بند کر دیئے جبکہ ان کے لیگ ٹیموں کے ساتھ معاہدے بھی تھے ۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کو ’ انٹر نیشنل لیگ ٹی ٹوینٹی ‘ کیلئے این او سی جاری کیئے تھے لیکن محمد حفیظ کی جانب سے کچھ کھلاڑیوں کو کلیئرنس دینے سے منع کر دیا گیا ، کلیئرنس نہ ملنے اور اعتراض کرنے پر سینئر کھلاڑیوں کی ٹیم ڈائریکٹر کے ساتھ شدید تلخی ہوئی اور اس تلخی کے نتیجے میں کھلاڑیوں کی ٹیم ڈائریکٹر کے ساتھ بات چیت بھی کم ہو گئی۔ یہاں آپ کو یہ بھی بتاتے چلیں کہ شاہین شاہ آفریدی ، شاداب خان ، اعظم خان اور محمد وسیم کے انٹرنیشنل لیگ ٹی ٹوینٹی سے معاہدے ہیں ۔
یاد رہے کہ نیوزی لینڈ نے پاکستان کو جیت کیلئے 195 رنز کا ہدف دیا تھا لیکن ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم 19.3 اوورز میں 173 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی جس میں سب سے زیادہ رنز بابراعظم نے بنائے ، انہوں نے 43 گیندوں پر 7 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 66 رنزکی اننگ کھیلی جبکہ ان کے ساتھ فخر زمان نے بھی اچھا کھیل پیش کیا اور نصف سینچری بنائی۔ کپتان شاہین شاہ آفریدی 22 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے ۔