ہالی ووڈ ڈرامہ سیریز 'آل مائی چلڈرن' کے سٹار اور امریکی اداکار ایلک مسر 50 سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق معروف انگلش ڈرامہ سیریز آل مائی چلڈرن میں ڈیل ہنری کے کردار سے شہرت حاصل کرنے والے اداکار ایلک مسر ہفتے کے روز 50 سال کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں جس کی تصدیق ان کی منگیتر کی جانب سے کی گئی ہے۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر مسر کی منگیتر پیگی نے اپنے ایک پیغام میں اداکار کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے لکھا کہ میری زندگی کی محبت کو الوداع کریں، یہ میری زندگی کا سب سے برا دن ہے اور میرا دل ٹوٹ گیا ہے۔
ایلک کے ساتھی سٹار ایڈم سینڈلر نے سوشل میڈیا پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ میں اس آدمی سے پیار کرتا تھا، وہ ایک عظیم اور شاندار آدمی تھا، یقین نہیں آتا کہ وہ چلا گیا ہے، اس کے اور اس کے خاندان کے بارے میں سوچ رہا ہوں اور میری تمام ہمدردیاں ان کے ساتھ ہیں۔
خیال رہے کہ ایلک کی موت کی وجہ تاحال سامنے نہیں آسکی ہے۔