سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کہا ہے کہ حج 2024 کے انتظامات شروع کردیئے گئے ہیں، رواں سال منیٰ، عرفات اور مزدلفہ میں حاجیوں کیلئے خیموں کی جگہ رہائشی ٹاورز کا تجربہ کیا جائے گا۔
سعودی اخبار 24 کے مطابق وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے ایک بیان میں جدہ میں ہونے والی حج و عمرہ خدمات کانفرنس و نمائش کے اختتام پر شریک تمام اداروں کا شکریہ ادا کیا۔
ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کہا کہ وزارت حج زائرین کو ڈیجیٹل سسٹم کے ذریعے سہولتوں کی فراہمی کو بہتر بنانے کیلئے کوشاں ہے، اس حوالے سے نُسُک ایپ کے ذریعے حج و عمرہ کی بکنگ، وہیل چیئرز کی فراہمی اور مطلوبہ معلومات کا اہتمام کیا جارہا ہے۔
مزید تفصیلات جانیے : حج و عمرہ زائرین کیلئے ٹیکسی سروس شروع کرنیکا اعلان
ان کا کہنا ہے کہ سعودی عرب ہر سال عازمین حج کی تعداد میں اضافے کے منصوبے بناتا ہے اور وزارت اس میں حصہ لیتی ہے تاہم پہلی ترجیح حجاج کی صحت و سلامتی ہے۔
وزیر حج و عمرہ نے مزید کہا کہ مشاعر مقدسہ (منیٰ، مزدلفہ اور عرفات) میں خیموں کی جگہ رہائشی ٹاورز تعمیر کئے جارہے ہیں، حج 2024ء میں ان کا تجربہ کیا جائے گا۔
ڈاکٹر ربیعہ کا کہنا ہے کہ حجاج کی خدمت کرنے والے بعض خاندانی اداروں نے کمپنیوں کی شکل اختیار کرلی ہے، ان اداروں نے پہلے 6 کمپنیاں قائم کی تھیں اور اب ایسی کمپنیو ں کی تعداد 20 ہوچکی ہے، یہ تبدیلی ہر سال حجاج کی تعداد میں غیرمعمولی اضافے کے پیش نظر کی گئی ہے۔