ترجمان محکمہ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ بیرون ملک سے کراچی پہنچنے والے 3 مزید مسافروں کا ریپڈ اینٹیجن ٹیسٹ مثبت آگیا، متاثرہ مسافروں کو کوویڈ 19 کی ممکنہ علامات کے پیش نظر ٹیسٹ کیا گیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق 21 سالہ نصیر قمبر شہداد کوٹ کا رہائشی ہے جو جدہ سے کراچی پہنچا تھا، دوسرا مریض 22 سالہ شخص شمالی وزیرستان کا رہائشی ابوظہبی سے کراچی پہنچا تھا جبکہ تیسرا مریض مہمند ایجنسی کا رہائشی 22 سالہ مسافر جدہ سے کراچی پہنچا تھا۔
محکمہ صحت کے مطابق کراچی میں بھی جے این ون ویرینٹ کے 5 کیسز سامنے آگئے، پانچوں کیسز کے نتائج کراچی کے نجی اسپتال (آغا خان) کی لیبارٹری نے جاری کئے ہیں، اب تک سندھ میں مقامی سطح پر جے این ون کے 5 جبکہ 2 کیسز بیرون ملک سے آئے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کرونا وائرس کے جے این ون ویرینٹ سے متعلق محکمہ صحت الرٹ ہے، سندھ کے تمام ڈی ایچ اوز، ٹی ایچ کیوز اور اسپتالوں میں ہدایات جاری کی جاچکی ہیں۔
طبی ماہرین کے مطابق کوویڈ19 کا نیا ویرینٹ جے این ون گزشتہ کوویڈ 19 کے جیسا طاقتور نہیں ہے، عوام سے اپیل ہے کہ وہ کوویڈ 19 کے ممکنہ پھیلاؤ سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔