بھارتی ریاست بہار کے ضلع مظفر پور کی ڈسٹرکٹ کنزیومر کمیشن نے تعلیمی ادارے کے گمراہ کن اشتہار سے متعلق معاملے میںاداکار شاہ رخ خان اور ارجنٹائن کے فٹبالرلیونل میسی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 12 اپریل کو طلب کر لیا ۔
تفصیلات کے مطابق تعلیمی ادارے کے گمراہ کن اشتہار کے حوالے سے تعلیمی ادارے کے برانڈ ایمبسیڈر شاہ رخ خان اورارجنٹائن کے فٹبالرلیونل میسی سمیت 7 افراد کے خلاف شمشاد احمد نامی شخص کی جانب سے ڈسٹرکٹ کنزیومر فورم میں شکایت 30 اکتوبر کو درج کرائی گئی تھی اور انہیں 12 جنوری کو پیش ہونے کا حکم دیا گیا تھا۔
اس کیس کی پیروی کرنے والے وکیل ایس کے جھا نے کے مطابق آج سماعت کے موقع پر شاہ رخ خان اور تنظیم کی جانب سے وکلا موجود تھے تاہم شاہ رخ خان کے وکیل نے اصل دستاویزات پیش نہ کیں، وہ صرف فوٹو کاپی لے کر آئے۔
مظفر پور کی ڈسٹرکٹ کنزیومر کورٹ نےشاہ رخ خان اور لیونل میسی سمیت تمام فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے،اور انہیں 12 اپریل کو پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔
وکیل ایس کے جھا نے بتایا کہ شکایت کنندہ محمد شمشاد احمد نے اپنے دو بیٹوں کو مظفر پور کے مٹھن پورہ میں واقع ایک مشہور ادارے میں داخل کرایا تھا، جس کی فیس اس نے وقت پر ادا کی تھی، اس کے باوجود ان کی پڑھائی ٹھیک نہیں چل رہی تھی۔ قرض بھی ان کے بیٹوں پر ڈال دیا گیا۔
شکایت کنندہ شمشاد احمد نے تنظیم کے ڈائریکٹر، برانڈ ایمبیسیڈر اداکار شاہ رخ خان، فٹبالر میسی سمیت سات افراد کے خلاف ڈسٹرکٹ کنزیومر فورم میں مقدمہ درج کرایا تھا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بتایا جا رہا ہے کہ اب اس معاملے میں شاہ رخ خان اور میسی سمیت تمام 7 افراد کے خلاف کیس آخری سماعت تک جاری رہے گا اور اگر عدالتی احکامات پر عمل نہ ہوا تو انہیں جیل جانا پڑ سکتا ہے۔