پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ میرا کا کہنا ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر ٹرولنگ کی عادی ہوچکی ہیں۔
سیدہ ارتضیٰ رباب، جو میرا کے نام سے مشہور ہیں، نے اپنے کیریئر کا آغاز کم عمری میں کیا جس کے بعد وہ جلد ہی اس دور کی سب سے پسندیدہ اداکاراؤں میں سے ایک بن گئیں اور انہوں نے کئی ہٹ فلموں میں اداکاری کی۔
میرا نے کچھ بالی ووڈ فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے جس کے بعد انہوں نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا اور وہ کسی نہ کسی طرح خبروں کا حصہ بنی ہوئی ہیں۔
میرا مختلف تنازعات میں بھی گھری رہتی ہیں اور انہیں پاکستان کی ’’ تنازعات کی ملکہ ‘‘ کے طور پر بھی جانا جاتا ہے، اداکارہ گزشتہ برسوں میں بہت زیادہ ٹرول بھی ہوئی ہیں اور سوشل میڈیا پر انہیں ہر طرح کے تبصرے ملتے ہیں۔
حال ہی میں انہوں نے انڈسٹری کی معروف جوڑی صاحبہ ریمبو کی پوڈ کاسٹ میں شرکت کی اور اس بارے میں کھل کر بتایا کہ وہ برے تبصروں کے بارے میں کیسا محسوس کرتی ہیں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ سب کو خوش کرنا ناممکن ہے، وہ جانتی ہیں کہ انہیں سوشل میڈیا پر بہت ٹرول کیا جاتا ہے لیکن اب وہ اس کی عادی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ ایسے لوگوں میں مصروف رہتی ہیں جو میڈیا یا سوشل میڈیا میں نہیں ہیں اور اس طرح وہ خود کو ہر چیز سے دور رکھتی ہیں۔