نگران وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر عمر سیف نے کہاہے کہ پاکستان سٹارٹ اپ فنڈ کا اجرا کر دیا گیا ہے ، حکومت پاکستان نے پاکستان سٹارٹ اپ فنڈ کے لئے 2 بلین روپے مختص کیے ہیں، اس فنڈ کا مقصد پاکستان میں وینچر سرمایہ کاری تیز تر کرنا ہے،اس فنڈ سے اسٹارٹ اپس کو مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔
منگل کو ایک تقریب سے خطاب میں ڈاکٹر عمر سیف نے کہا کہ سٹارٹ اپ فنڈ کے ذریعے ہر سٹارٹ اپ کو 30 فی صد معاونت فراہم کی جائے گی جبکہ وینچر کیپیٹلسٹ 70 فی صد سرمایہ کاری کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سٹارٹ اپ فنڈ پاکستان کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا، وزارت آئی ٹی سٹارٹ اپس کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ ڈاکٹر عمر سیف نے کہا کہ آئی ٹی شعبہ کی بہتری کے لیے منفرد اقدامات جاری ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ گذشتہ 4 برس میں پاکستانی اسٹارٹ اپس میں تقریبا 800 ملین ڈالرز بیرونی سرمایہ کاری ہوئی،ملک میں 8 نیشنل انکیوبیشن سینٹرز سٹارٹ اپس کو سپورٹ کر رہے ہیں،اس وقت چار ہزار سے زائد اسٹارٹ اپس کام کر رہے ہیں۔