ترجمان محکمہ صحت سندھ کے مطابق بیرون ملک سے کراچی آنیوالے دو مزید مسافروں میں کووڈ کی تشخیص ہوگئی، بلوچستان کے علاقے کیچ کا رہائشی 26 سالہ مسافر گزشتہ روز ابوظہبی سے کراچی پہنچا تھا، دوسرا مسافر 27 سالہ اٹک کا رہائشی جدہ سے کراچی پہنچا تھا۔
محکمہ صحت کے مطابق دونوں مریضوں میں ممکنہ علامات کے پیش نظر ریپڈ اینٹی جین ٹیسٹ کئے گئے جو مثبت آئے، نئے کوویڈ ویرینٹ جے این ون کی جانچ کیلئے دونوں مریضوں کے نمونے ڈاؤ یونیورسٹی کی لیبارٹری روانہ کردیئے گئے ہیں۔
محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ دونوں مسافروں کو سختی سے قرنطینہ کی ہدایت کے ساتھ گھروں کو روانہ کردیا گیا ہے، لیبارٹری ٹیسٹ کی رپورٹ آنے کے بعد کوویڈ کی قسم کے بارے میں معلوم ہوسکے گا۔
اس سے قبل بھی بیرون ملک سے 4 مسافروں میں ممکنہ کوویڈ کی تشخیص کی گئی تھی، چاروں مسافروں کے پی سی آر ٹیسٹ کے نتائج مثبت آگئے ہیں، لیبارٹری ٹیسٹ کی رپورٹ چار سے 5 روز میں موصول ہوتی ہے۔