نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کا کہنا ہے کہ افواہوں پردھیان نہ دیں، سیکریٹری الیکشن کمیشن واقعی علیل ہیں، کسی قسم کا کوئی بحران نہیں۔
سیکریٹری الیکشن کمیشن عمر حمید پھیپھڑوں کے انفیکشن کے باعث شدید علیل ہیں۔
ترجمان ای سی پی نے سیکریٹری عمر حمید کی بیماری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ عمر حمید کی طبیعت کچھ دنوں سے خراب تھی، وہ علالت کے باعث چھٹیوں پر ہیں۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق ان کی تعطیلات کے دوران دونوں اسپشل سیکریٹری تمام کام احسن طریقے سے چلا رہے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق عمر حمید نے چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کی، جس میں انہوں نے بیماری کے باعث مستعفی ہونے کی پیشکش کی۔ چیف الیکشن کمشنر نے انہیں بہترین علاج کروانے کا مشورہ دینے پر اکتفا کیا۔
نگران وفاقی وزیراطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے اس حوالے سے اپنے ایکس (ٹوئٹر) پیغام میں کہاکہ افواہوں پر دھیان نہ دیں، سیکریٹری الیکشن کمیشن واقعی علیل ہیں، اللہ سے ان کی مکمل اور جلد صحتیابی کی دعا کرتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن مکمل طور پر فعال ہے، کسی قسم کا کوئی بحران نہیں۔