سائفر کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کی درخواست ضمانت بعد از گرفتاری پر سماعت خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین کی رخصت کے باعث بغیر کارروائی ملتوی کردی گئی۔
چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کے وکلا خصوصی عدالت میں پیش ہوئے اور عملے سے درخواست کی کہ آئندہ سماعت کیلئے نو ستمبر کی تاریخ مقرر کی جائے۔ عدالتی عملے نے کہا کہ9 ستمبر کو ہفتہ ہوگا، جج صاحب گیارہ ستمبر سے ڈیوٹی پر موجود ہوں گے۔
وکلاء نے موقف اپنایا کہ آپ 9 ستمبر کی تاریخ مقرر کر دیں، جج صاحب موجود ہوں گے تو ضمانت کی درخواست پر دلائل دے دیں گے۔ عدالتی عملے نے چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کے وکلا کی استدعا پر نو ستمبر کی تاریخ مقرر کر دی۔