سابق وفاقی وزیرخزانہ سرتاج عزیز95سال کی عمرمیں انتقال کرگئے۔
سرتاج عزیز7فروری 1929ء میں خیبر پختونخوا کے ضلع مردان میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے اسلامیہ کالج لاہور، ہیلے کالج آف کامرس اور دیگر تعلیمی اداروں سے تعلیم حاصل کی۔ 1949ء میں پنجاب یونیورسٹی سے اقتصادیات کے شعبے میں ڈگری حاصل کی۔ ہارورڈ یونیورسٹی امریکا سے پبلک ایڈمنسٹریشن (اکنامک ڈویلپمنٹ) میں ماسٹر کیا۔
انہوں نے 1950ء میں حکومتی ملازمت اختیار کی اور مختلف عہدوں پر کام کیا۔ 1967ء میں پلاننگ کمیشن میں جوائنٹ سیکرٹری کی حیثیت سے فرائض سر انجام دیے۔ سرتاج عزیز کو بین الاقوامی ممتاز عہدوں پر بھی متمکن رہنے کا موقع ملا ۔1971ء سے 1984ء تک اقوام متحدہ،ورلڈ فوڈ کونسل، انٹرنیشنل فنڈ فار ایگریکلچر ڈویلپمنٹ اور دیگر اداروں میں کام کیا۔
سرتاج عزیز نے 1984ء میں وطن واپسی پر پاکستانی سیاست میں حصہ لیا اور وزیر مملکت برائے خوراک و زراعت کی حیثیت سے وفاقی کابینہ میں شامل ہوئے۔ وہ1985ء اور 1994ء میںخیبر پختونخوا سے سینیٹر منتخب ہوئے۔ اکتوبر1985ء میں وزیراعظم کے خوراک و زراعت کے خصوصی مشیر اور جنوری 1986ء میں وفاقی وزیر خوراک ،زراعت و دیہی ترقی کے عہدے پر فائز ہوئے۔ اگست 1990ء سے جولائی1993ء تک وفاقی وزیر خزانہ، منصوبہ بندی و معاشی امور کے وزیر بھی رہے ۔
جولائی 1993ء ہی میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل منتخب ہوئے۔ 1998ء سے 1999ء تک وزیر اعظم میاں نواز شریف کی کابینہ میں وزیر خارجہ جیسے اہم منصب پر فائز رہے۔ سرتاج عزیز سینٹ کی خارجہ ،کشمیر وشمالی علاقہ جات کے امور کے علاوہ خزانہ ،معاشی امور اور خوراک و زراعت کی قائمہ کمیٹیوں کے چیئرمین بھی رہے ۔