کھیل کی دنیا میں سب کی نظریں اس کھیل کے ستاروں پر ہوتی ہیں اور اس کھیل کو ممکن بنانے والے گراؤنڈ سٹاف کو اکثر نظر انداز کیا جاتا ہے تاہم سری لنکا میں بارش سے متاثرہ ایشیا کپ کو جاری رکھنے والے کرکٹ گراؤنڈ سٹاف کو منتظمین کی طرف سے 50 ہزار ڈالر بونس کا وعدہ کیا گیا ہے۔
انڈیا کے دورہ پاکستان سے انکار کے بعد ایشیا کپ کے زیادہ تر میچز سری لنکا منتقل کر دیے گئے۔ لیکن بارش نے تباہی مچا دی اور چھ ملکی ٹورنامنٹ میں متعدد میچز تاخیر کا شکار ہوئے اور کچھ کو چھوڑ دیا گیا
تقریباً تین ہفتے تک جاری رہنے والے اس ایونٹ کو سری لنکا کے 100 کے قریب گراؤنڈ سٹاف نے بچایا جو نارنجی رنگ کے جیکٹس پہنے ہوئے تھے، اور ہر بار بارش کے بعد میدان کو بچانے کے لیے کور کے ساتھ دوڑ پڑتے تھے۔
ایشین کرکٹ کونسل کے صدر جے شاہ نے اتوار کو ٹوئٹرپر پوسٹ میں کرکٹ کے گمنام ہیروز کے غیر متزلزل عزم اور محنت کے لیے شاباش دیتے ہوئے کہا کہ سری لنکا میں کولمبو اور کینڈی کے گراؤنڈ سٹاف کو بونس ملے گا،گراؤنڈ سٹاف کے لیے 50 ہزار ڈالر کی انعامی رقم کا اعلان کرنے پر فخر ہے۔
دوسری جانب ایشیا کپ کے فائنل میں شاندار کارکردگی پر بھارتی فاسٹ باولر محمد سراج کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ ملا تاہم انہوں نے اپنی انعامی رقم گراؤنڈ سٹاف کو دینے کا اعلان کر دیا۔